|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2022

کوئٹہ : صوبے کے عوام کو معیاری تعلیم اور صحت کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان دونوں شعبوں پر صوبائی حکومت خاص توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے شیخ خلیفہ زید ہسپتال کوئٹہ میں بچوں کے کینسر کے یونٹ کاافتتاح کرتے ہوئے کیا۔

افتتاحی تقریب میں صدر انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ڈاکٹر عبدالباری خان، ایگزیکیٹو ڈائریکٹر میڈیکل سروسز انڈس نیٹ ورک ڈاکٹر شمویل اشرف، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بن زید ہسپتال ڈاکٹر ایوب بادینی سمیت سرکاری افسران اور معززین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں چیف سیکریٹری نے کہا کہ کینسر بچوں میں موت کی ایک بڑی وجہ ہے، حکومت بلوچستان نے اپریل 2021 میں شیخ زید ہسپتال کوئٹہ میں کینسر یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ایم او یو کے مطابق محکمہ صحت نے پیڈیاٹرک آنکولوجی یونٹ کا انتظام اور آپریشن انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے حوالے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گوادر ہسپتال کی خدمات بھی انڈس ہسپتال کے حوالے کی ہے اور اس کا مقصد صوبے کے عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر یونٹ کا مقصد کینسر کو روکنا،اس کی جلد تشخیص اور آپریشن کے بعد بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنا ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہسپتال کو درپیش مسائل کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر صدر انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ڈاکٹر عبدالباری نے تقریب سے بھی خطاب کیا۔