|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2022

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تنقید کی کبھی پرواہ نہیں کی تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہیں ہم بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے اپنے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے ایک سال کی مدت میں ترقی کے بہت سے اہداف حاصل کئے لیکن ابھی تک بہت کچھ کرنا باقی ہے اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کے عوام کی خدمت کا جو موقع دیا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اتحادیوں کے ساتھ مل کر صوبے کے دیرینہ مسائل کا حل یقینی بنا رہے ہیں

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے 10 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کے دوران کیا وزیراعلیٰ نے شرکاء کو بلوچستان کی معاشی اقتصادی سماجی وسیاسی صورتحال کے حوالے سے جامع بریفنگ دی اور انکے سوالات کے تفیصلی جوابات دیئے ورکشاپ میں بلوچستان اور ملک کے دیگر صوبوں کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریکو ڈک سمیت تمام اہم صوبائی امور پر خو ش نیتی اور جرات کے ساتھ فیصلے کئے ہیں

بروقت فیصلے نہ لینا عوام ملک اور صوبے کے لئے ہمیشہ نقصان دہ ثابت ہوتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر فیصلے پر میرا ضمیرمطمئن ہے اور میں اپنے ہر قول و فعل پر عوام اپنے ضمیر اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کے سامنے خود کو جوابدہ سمجھتا ہوں انہوں نے کہا کہ خدا نے آج ایک ذمہ داری دی ہے اور ذمہ داری کا مقصد بھی یہی ہے کہ میں یہاں کے عوام اور صوبے کے مفادات کا تحفظ کروں ہمارا موازنہ ملک کے دیگر صوبوں کے ساتھ نہ کیا جائے ہماری جغرافیائی حیثیت دیگر صوبوں سے یکسر الگ ہے اور ہمیں بھی چاہیے کہ ایک دوسرے کے پیچھے لگنے کی بجائے اپنے صوبے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں ہم ایک ایسے صوبے میں رہتے ہیں

جہاں کے لوگ محب وطن ہیں اور یہاں کے باشندوں کو بھی زندگی کی تمام بنیادی ضرورتیں میسر ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کے تاریخی معاہدے سے صوبے کو 200 ارب روپے ملیں گے اور صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اراکین صوبائی اسمبلی کیلئے ریکوڈک معاہدے پر ان کیمرہ بریفنگ کا اہتمام بھی کیا گیا اوربلوچستان کابینہ کے راتفاق رائے سے ریکوڈک منصوبے کے معاہدے کی منظوری دی گئی اور حکومت بلوچستان کو معاہدے سے مجموعی طور پر 38 فیصد سے زائد مالی فوائد حاصل ہوں گے

معاہدے میں بلوچستان کے تمام ٹیکسوں، رائیلٹی اور سی ایس آر کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے منصوبے سے روزگار کے 8ہزار مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر 8ارب ڈالر کی ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور بغیر کسی سرمایہ کاری کے کامیابی سے حکومت بلوچستان کا ریکوڈک منصوبے میں 25فیصد حصہ ہے

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے گیٹ وے ثابت ہوگا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ کے لئے بلوچستان کے سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کا مکمل سدباب کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت نے ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ کے لئے گرین بوٹ کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی عزت نفس کی بحالی کے لیے قومی شاہراہوں پر غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا اور چیکنگ کے عمل کے دوران عوام کی عزت نفس اور احترام کا یقینی بنایا

جس سے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں اعتماد مزید بحال ہوا ہے انہوں نے کہا کہ جب سے ہم نے حکومت سنبھالی ہم نے ورثے میں ملنے والے احتجاجی دھرنوں کا بات چیت کے ذریعے موثر خاتمہ کیا اور بجٹ سیشن کے دوران صوبائی اسمبلی کے باہر کوئی دھرنا یہ احتجاج نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں سیاسی ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کی فضاء کے فروغ کے لیے پہلے ہی دن سے کوشش کی ہے ہم نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ تک عام لوگوں اور سائلین کی آسان رسائی کو یقینی بنایا ہیاہم صوبائی امور کی وزیراعلیٰ سے منظوری کیلئے تیز رفتار فائل ورک کو تیز کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کا زیادہ انحصار بارڈر ٹریڈ پر ہے جس کے لیے بلوچستان کے غریب عوام کے روزگار کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے پاک فوج کے تعاون سے پاک ایران سرحدی علاقوں میں بارڈر ٹریڈ کو بحال کیا گیا ہے

اور پاک ایران سرحد کے چھ مزید مقامات پرٹریڈ پوائنٹس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اورسرحدی علاقوں کے عوام کو تجارتی سہولتوں کی فراہمی میں اضافہ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ میں مزید دو ارب روپے کے اضافے کی منظوری دی گئی ہے فنڈ کی سیڈ منی میں اضافے کا مقصد مستحق مریضوں کے علاج و معالجہ کے پروگرام کو مزید مستحکم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ صحت کارڈ کے اجراء کیا گیا ہے جس سے18لاکھ خاندانوں کو ملک بھر کے

ہسپتالوں میں دس لاکھ روپے تک مفت علاج و معالجہ کی سہولت میسر ہوگی اور بلوچستان میں ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے وبے کے کسانوں کو کسان کارڈ کا اجراء اور کسانوں کی رجسٹریشن کیلئے مطلوبہ دس کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جبکہ زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے کسانوں کو مصدقہ بیجوں کی فراہمی اور زرعی شعبے میں ریسرچ سمیت دیگر اقدامات کیے جارہے ہیں

اور صوبے میں دو ارب روپے کی ابتدائی لاگت سے بلوچستان سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اس کے ساتھ ساتھ ملک کے بہترین ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں میں بلوچستان کے غیر تربیت یافتہ نوجوانوں کی تربیت کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر روزگار کی فراہمی کیلئے شفاف بنیادوں پر بھرتی کا آغاز کیا گیا ہے اور مختلف صوبائی محکموں میں ہزاروں خالی اسامیاں مشتہر کی گئی ہے تربت اور کوئٹہ میں خواتین گرلز کیڈٹ کالج بنائے جارہے ہیں ہم نے گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن پراجیکٹ کے 1493 کانٹیریکٹ اساتذہ کو مستقل کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے 361 ملازمین کو دوبارہ بحالی کے تقرر نامے دیے جا چکے ہیں

انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے صاف اور شفاف اور پر امن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا اور کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے سرکاری مشینری کا استعمال نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ سیلابی بارشوں نے صوبے بھر کو متاثر کیا لیکن ہم نے عہد کیا ہے کہ متاثرین کی مکمل امداد اور بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ریلیف اور بحالی کے کاموں میں پاک فوج اور ضلعی انتظامی سمیت پی ڈی ایم اے نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے ساحل اور وسائل کی بات تو سب کرتے ہیں لیکن ہمارے لئے یہی بہتر ہے

کہ ہم اپنی توانائیاں صوبے کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی پر صرف کریں اور بلوچستان کے لیے وہ کام کریں جس سے صوبے میں دائمی امن کی فضا برقرار رہے اور صوبہ ترقی کی جانب یوہی گامزن رہے بعد ازاں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے صوبہ کی معاشی اقتصادی سیاسی اور سکیورٹی سے متعلق سوالات کیے جن کے وزیر اعلیٰ نے مفصل جوابات دیے۔