|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2016

زیورخ: ارجنٹائن اور بارسلونا کے سٹار فٹبال لیونل میسی نے ریکارڈ پانچویں مرتبہ فیفا کے عالمی کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ میسی نے گزشتہ دو سالوں سے ’بیلون ڈی اور‘ ٹرافی پر کرسچیانو رونالڈو کا قبضہ بھی ختم کر دیا۔ میسی نے 2009 سے 2012 تک مسلسل ہر سال یہ اعزاز جیت رکھا ہے۔ ان کے ہسپانوی کلب بارسلونا نے رواں سال پانچ بڑے ٹائیٹل جیتے جبکہ رونالڈو کے کلب ریال میڈرڈ کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آیا۔ پیر کو ہونے والی فیفا تقریب میں رونالڈو دوسرے جبکہ برازیلین اسٹرائیکر اور میسی کے کلب ساتھی نیمار تیسرے نمبر پر رہے۔ ایوارڈ کیلئے فیفا کے رکن ملکوں کے کپتانوں، کوچز اور منتخب صحافیوں نے ووٹ ڈالے تھے۔ میسی نے تقریب میں ایوارڈ لینے کے بعد کہا ’یہ بہت حیران کن ہے۔ میں اپنے ٹیم کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ ان کے بغیر یہ حاصل کرنا میرے لیے ممکن نہ تھا‘ بارسلونا کے ہی لوئس انریکے نے ٹیم کو لا لیگا، چیمپئنز لیگ اور کلب ورلڈ کپ جتوانے پر بہترین کوچ کا انعام اپنے نام کیا۔ ویمنز ورلڈ کپ فاتح امریکا کیلئے جاپان کے خلاف فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والی کارلی لائیڈ نے سال کی بہترین خاتون کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا۔