|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2016

کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ کی زیر صدارت پولیو سنٹر کے قریب بم دھماکے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں انسداد پولیو مہم پر مامور ٹیموں کو سیکیورٹی کی بہترین سہولیات کی فراہمی و دیگر امور کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس احسن محبوب، سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی، ڈی آئی جی امتیاز شاہ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی ناظم اعلیٰ تعلقات عامہ عبداللطیف کاکڑ یونیسف، اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ گذشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر انسداد پولیو مہم کے رضاکاروں کو تحفظ فراہم کیا اور اس واقع میں ایف سی اہلکار 14پولیس اہلکار اور ایک شہری شہید ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کu بزدلانہ کاروائیوں سے ہم اور عوام خوفزدہ نہیں ہوں گے پہلے بھی دہشتگردی کا مقابلہ کرتے رہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ حوصلے، دلیری اور صبر کے ساتھ کرنا ہے اور انشاء اﷲ صوبے اور ملک کو دہشتگردی سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور انسداد پولیو مہم پر مامور ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنا اور بلوچستان کو پر امن بنانا ہماری ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے قربانی دیکر انسداد پولیو مہم کو ناکام ہونے سے بچایا اور پر امن بلوچستان کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی انہوں نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے کے بعد ورکرز نے کچھ گھنٹوں بعد دوبارہ کام جاری رکھا اور انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو اتحاد و یکجہتی سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے اور دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔