|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2016

 لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں دہشت گردوں کے سہولت کار اور کالعدم جیش محمد کا ضلعی امیر بھی شامل ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے فیصل آباد کے علاقے رضا آباد میں کارروائی کی جس میں 9 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں جن میں کالعدم جیش محمد کا ضلعی امیر ابو جندل بھی شامل ہیں۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے تمام ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ادھر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کا بڑی منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس ذرائع کےمطابق کاہنہ سے دہشت گردوں کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے جدید بندوقیں اور 30 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزمان سے برآمد ہونے والا اسلحہ دہشت گردوں کو فراہم کیے جانا تھا جو لاہور میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا تھا۔ دوسری جانب راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران 45 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشن خفیہ اداروں کی اطلاعات پرکیا گیا جب کہ جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں ان میں پیرودہائی ، فوجی کالونی ، ڈھوک حسو اور اس کے ملحقہ علاقے شامل ہیں اور حراست میں لئے گئے 45 ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔