|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2023

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صوبے کے نوجوانوں کا کرکٹ کے کھیل سے لگاؤ زیادہ ہے اگر انہیں اپنی صلاحیتیں مزید نکھارنے کا موقع دیتے ہوئے مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جائے تو یہ صوبے اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سریاب روڈ کوئٹہ پر اسپورٹس کمپلیکس میں شاہد آفریدی فاونڈیشن کے زیر انتظام ممتاز سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی کے ہمراہ صوبے کے نوجوانوں کے لیے کرکٹ اکیڈمی کے سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزراء عبدالخالق ہزارہ،مبین خان خلجی،ملک نعیم خان بازئی، قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈوکیٹ،اراکین صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو،مولوی نور اللہ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی،سیکرٹری سپورٹس اسحاق جمالی،سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس درا بلوچ سمیت ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ بھی تقریب میں شریک تھے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کری گی اور تین ماہ کے اندر منصوبے کو عملی شکل دے دی جائے گی جس میں اکیڈمی کے قیام کے لیے صوبائی حکومت فوری طور پر تمام ضروری جزئیات کو مکمل کری گی وزیر اعلیٰ نے شاہد آفریدی کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی کی صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے دلچسپی خوش آئند ہے اور صوبائی حکومت بھی اس صحت مندانہ سرگرمی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے۔

 صوبے کے باصلاحیت کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر صوبہ کے مثبت عکس کو اجاگر کریں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں سمیت تمام غیر نصابی سرگرمیوں کو بھرپور فروغ دے گی اور بلوچستان کے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو آگے لائی گی اور صوبائی سطح پر بھی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی پذیرائی کی جائے گی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ممتاز سابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں موقع دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک کرکٹ اکیڈمی قائم کرو بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صرف اس ٹیلنٹ کو نکھار کر آگے لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لئے بلوچستان کی اپنی کرکٹ لیگ ہونی چاہیے جہاں سے ابھرتے ہوئے کرکٹ کے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی افق پر پذیرائی کا بھرپور موقع ملے بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور سابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی نے گراؤنڈ میں موجود کرکٹ کے نوجوان کی کھلاڑیوں سے حال احوال بھی کیا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی سابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی اور ان کے فاؤنڈیشن کے بعد ازاں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ تشریف لائے جہاں ان سے وزیر اعلیٰ نے تفصیلی ملاقات کی اس موقع پر صوبائی وزراء اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی جانب سے چئرمین شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی اور ان کے فاؤنڈیشن کے ممبران کے لئے عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا وزیر اعلی نے اس موقع پر شاہد خان آفریدی روایتی قالین کا تحفہ بھی پیش کیا۔