|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2023

مائیکرو سافٹ کی جانب سے آئندہ چند دن میں بڑے پیمانے پر ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے اس ہفتے 5 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان ہوسکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مائیکرو سافٹ کے ملازمین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار ہے جن میں سے 11 ہزار کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔

 

 

دوسری جانب بلومبرگ نے ایک الگ رپورٹ میں فارغ کیے جانے والے ملازمین کی تعداد تو نہیں بتائی مگر اس رپورٹ کے مطابق متعدد انجینئرنگ ڈویژن اس چھانٹی سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فارغ کیے جانے والے ملازمین کی تعداد 2022 میں مائیکرو سافٹ کی جانب سے مختلف مراحل میں نکالے گئے افراد سے کافی زیادہ ہوگی۔

مائیکرو سافٹ کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم افواہوں یا قیاس آرائیوں پر بیان جاری نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال میٹا کی جانب سے بھی 11 ہزار ملازمین کو فارغ کردیا گیا تھا۔

البتہ یہ تعداد ایمازون کے مقابلے میں کم ہے جس کی جانب سے 18 ہزار ملازمین کی چھانٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔