کوئٹہ: محکمہ فشریز حکومت بلوچستان اور ترکش کمپنی کے مابین بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں جیٹی بنانے کے لیے فزیبلٹی سروے کروانے معاہدہ طے پا گیا۔ اس معاہدے کے تحت انجیئرنگ کمپنی ٹوماس گوادر لسبیلہ لائیولی ووڈ سپورٹ پروجیکٹ کے تحت بلوچستان کے ساحلی علاقوں اورماڑہ، کْنڈ ملیر اور جیونی میں ماہیگیری کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے جدید بنیادوں پر بندرگاہیں تعمیر کرنے کے لیے تکنیکی اور تعمیری معاونت فراہم کرے گی۔
اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کرنے کی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر کمال سنگو، ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی سیکریٹری ماہیگیر اور ساحلی ترقیات حکومت بلوچستان، رحمت دشتی پروجیکٹ ڈائریکٹر گوادر لسبیلہ لائیولی ووڈ سپورٹ پروجیکٹ، مارٹ کین پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹوماس، ذوالفقار علی میرجت منیجر ٹوماس کمپنی، ڈاکٹر شہزادہ ارشاد چیف ٹکینیکل آفیسر ٹوماس کے علاوہ دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔
محکمہ فشریز حکومت بلوچستان گوادر لسبیلہ لائیولی ووڈ سپورٹ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے تحت گوادر اور لسبیلہ کے ماہیگیروں اور علاقے کی ترقی کے لیے مختلف اقدامات کے علاوہ اورماڑہ، کْنڈ ملیر اور جیونی میں تین بندرگاہیں تعمیر کرنے جارہی ہے تاکہ بلوچستان میں فشنگ سے منسلک کاروبار کو فروغ دیا جائے اور ان علاقوں میں ترقی کے مواقع پیدا کیاجاسکے۔