ایران کے دارالحکومت تہران میں آذربائیجان کے سفارتخانے پر حملے میں سکیورٹی چیف ہلاک ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تہران میں مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 8 بجے سفارتخانے میں کلاشنکوف بردار شخص گھس آیا اور عملے پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں آذری سفارتخانے کا سکیورٹی چیف ہلاک ہوگیا اور 2 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق حملہ آور کو سفارتخانے میں موجود افراد نے دبوچ لیا جسے بعد ازاں ایرانی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے فائرنگ کے واقعے میں سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
اس حوالے سے تہران پولیس چیف حسین رحیمی نے دعویٰ کیا کہ گرفتار شخص دو کمسن بچوں کے ساتھ سفارت خانے میں داخل ہوا، فائرنگ کا محرک ممکنہ طورپر ذاتی مسائل ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب ایران میں آذری سفارتخانے میں فائرنگ کے واقعےکے بعد آذربائیجان نے تہران میں سفارتخانے سے سفارتی عملہ واپس بلانے کا اعلان کردیا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے واقعےکو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات اور سزا کا مطالبہ کیا ہے۔