محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ (سی ٹی ڈی) نے کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر 17 فروری کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے ’ماسٹر مائنڈ‘ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آج جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ منگھوپیر کے علاقے میں ناردرن بائی پاس کے قریب آپریشن کے دوران حملے کا ماسٹر مانڈ آریاد اللہ اور اس کا ساتھی مارا گیا۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دوسرے دہشت گرد کی شناخت جاری ہے، آپریشن کے دوران
دو ملزمان کو گرفتا کرلیا گیا ہے جب کہ علاقہ میں سی ٹی ڈی کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن آج سہ پہر 3 بجے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور سی ٹی ڈی مقابلے پر عوام کو بریفنگ دیں گے۔
واضح رہے کہ 17 فروری (جمعے) کے رزو تین دہشت گردوں نے شاہراہ فیصل پر قائم کراچی پولیس آفس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 5 جاں بحق ہوئے تھے جب کہ 17 زخمی ہوگئے تھے۔
حملے کے فوراً بعد پولیس، آرمی اسپیشل سروس گروپ، پاکستان رینجرز سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تین گھنٹوں تک دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔