اسلام آباد : پاکستان اور ایران کے درمیان گوادر کو 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے 10 تا 13 مارچ تک ایران کا دورہ کیا۔
اور وہاں اپنے ایرانی ہم منصب علی اکبر مہرابیان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔دونوں وزراء نے توانائی کے شعبے میں نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔وزیر خرم کے دورے کا مقصد گوادر کو بجلی کی فراہمی کے معاہدے کو حتمی شکل دینا تھا۔
جس کا آغاز وزیر کے پہلے دورہ جون 2022 میں ہوا تھا، نو ماہ کے ریکارڈ وقت میں ایران سے گوادر تک بجلی کی ترسیلی لائن بچھائی گئی ہے۔پاور سپلائی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تکنیکی ٹیموں کے تین سیشن ہوئے جس میں تفصیلی بات چیت کی گئی، ان ملاقاتوں کے نتیجے میں 13مارچ کو پاکستان اور ایران کے درمیان 100 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئے،منصوبے کا جلد از جلد افتتاح کیا جائے گا، منصوبہ گوادر کو بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے گا اور ایک خوشحال گوادر کی بنیاد رکھے گا۔