کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے پاکستان کی ہمیشہ سے دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات کے فروغ کی کوشش رہی ہے۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ افغان مہاجرین باعزت طریقے سے واپس اپنے وطن جاکر آباد ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این ایچ سی آر (UNHCR)کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جس نے یواین یچ سی آر کے پاکستان میں نمائندے مسٹر اندریکا ریٹواٹے Mr. Indrika Ratwatteکی قیادت میں ان سے جمعرات کے روز ملاقات کی۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یواین ایچ سی آر صوبے میں صحت، تعلیم اور آبنوشی کے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے، جس میں دالبندین میں ایک ایمرجنسی ٹراما سینٹر اور پینے کے پانی کے منصوبے کے ساتھ ساتھ بوائز سکول کی اپ گریڈیشن جبکہ کوئٹہ میں کولڈ اسٹوریج کا منصوبہ بھی شامل ہے۔یواین ایچ سی آر کے نمائندے نے افغان مہاجرین کی پاکستان میں مہمان نوازی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہت جلد یو این ایچ سی آر کی جانب سے ایک مہم شروع کی جارہی ہے جس میں افغان مہاجرین میں شعور بیدار کیاجائیگا کہ وہ اپنی رجسٹریشن کروائیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو 24فروری کو لورالائی میں یو این ایچ سی آر کے زیر اہتمام قائم کئے جانے والے ویمن ٹیکنیکل سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی بھی دعوت دی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی روابط مزید مستحکم ہوں ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں آباد افغان مہاجرین کی بڑی تعداد ابھی تک رجسٹرڈ نہیں جس کی وجہ سے ہمیں انتظامی اور دیگرمشکلات کا سامنا ہے لہذا یو این ایچ سی آر اس سلسلے میں اپناکردار ادا کرے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ وہ بھی بین الاقومی سطح پر مہاجرین کے لئے وضع کردہ قوائد وضوابط اور پاکستانی قوانین کی پابندی کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے افغان مہاجرین کی فلاح و بہبود اور انہیں روزگار کے حصول کے قابل بنانے کی لئے تربیتی پروگراموں کے انعقاد پر یو این ایچ سی کے کاوشوں کو سراہا۔