|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2023

خضدار : آغا سلطان ابراہیم خان روڈ کے مقام پر مقامی تاجر کی گاڑی کو نا معلوم حملہ آوروں کی جانب سے ریمورٹ کنٹرول بم سے اڑا دیا گیا،دھماکے میں خضدار کے سینئر صحافی عبدالواحد شاہوانی کے فرزند نوید شاہوانی اور مقامی کاروباری شخصیت امان اللہ زہری موقع پر جاں بحق سات افراد زخمی ہو گئے،دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی،ایس ایس پی خضدار کیپٹن (ر) فہد خان کھوسہ پولیس و لیویز فورس کے جوان موقع پر پہنچ گئے نعشوں اور زخمیوں کو ریسکیو کر کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا پولیس کے مطابق گزشتہ شب خضدار کے معروف شاہراہ آغا سلطان ابراہیم خان روڈ کے مقام پر مقامی کاروباری شخصیت امان اللہ زہری (زم زم) والے کی گاڑی کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

جس کے نتیجے میں کاروباری شخصیت امان اللہ زہری اور لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس سے بی ایس کرکے فارغ ہونے والے طالب علم سینئر صحافی عبدالواحد شاہوانی کے فرزند نوید احمد شاہوانی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ سات افراد علی احمد،عمران،نجیب اللہ،محمد حنیف،ولید احمد،شہزاد احمد،ممتاز احمد دھماکے میں زخمی ہو گئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ دور دور تک آواز سنائی دی دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی،ایس ایس پی خضدار کیپٹن (ر) فہد خان کھوسہ پولیس لیویز اور ایف سی کے جوان موقع پر پہنچے نعشوں اور زخمیوں کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا اور ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کیا۔

ہسپتال میں ضروری کاروائی کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد پہنچائی گئی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خضدار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں صحافی عبدالواحد شاہوانی کے صاحبزادے سمیت دو افراد کے شہید ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کو بر بریت کا نشانہ بنا رہے ہیں ہم دہشت و وحشت کی فضا پیدا کر کے صوبے کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قبائلی سیاسی سماجی اور عوامی سطح پر دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مزمت ہونی چاہیے ہمیں دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہو گاوزیراعلیٰ نے خضدار میں سیکیورٹی اقدامات کو مذید موثر بنانے کی ہدایت ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کے بلندی لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاکی ہے۔