کوئٹہ; گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ صوبے میں خوشگوار سیاسی تعلقات اور سماجی رشتوں کو استحکام بخشنے میں ہماری شاندار قومی روایات کار فرما ہیں۔
سینئر سیاستدانوں کی فکری رہنمائی سے درپیش مسائل کا درست ادراک حاصل ہوتا ہے اور آگے بڑھنے میں آسانی رہتی ہے. انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے تعاون کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
آئندہ بھی صوبے کی ترقی اور عوامی بہبود کیلئے افہام و تفہیم کو ترجیح دی جائے گی. یہ بات انہوں نے منگل کے روز نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رہائش گاہ پر نیشنل پارٹی کے قائدین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر کبیر محمد شہی، مرکزی جنرل سیکرٹری جان محمد بلیدی اور ضلعی صدر کیچ مشکور انور بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک وصوبے کے مجموعی حالات، صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور سیاسی استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گورنر بلوچستان کو گورنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ آپ کی رہائش گاہ پر آنے کا مقصد نیشنل پارٹی کے تمام قائدین کا خصوصی شکریہ ادا کرنا تھا۔