|

وقتِ اشاعت :   April 1 – 2023

بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق یکم اپریل 2023 کو ایرانی سرحد پر موجود دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ضلع کیچ کے جلگئی سیکٹر میں پاک ایران سرحد پر معمول کے گشت پر مامور پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ حملے میں نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید سمیت 4 فوجی شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ ایرانی سرحد پر موجود ان دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایرانی فریق سے ضروری رابطہ کیا جا رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ایران کی سرحد سے دہشت گردوں نے پاکستان کی حدود میں کارروائی کی ہو بلکہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے حملے مسلسل ہوتے رہے ہیں۔

اسی طرح کا ایک واقعہ رواں سال جنوری میں پیش آیا تھا جب بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سرحد پر گشت کرنے والے فوجی دستے پر حملہ کرنے کے لیے دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کی۔