ایران کا خلیج عمان میں ایرانی کشتی سے ٹکر کے بعد فرار کی کوشش کرنے والا مارشل آئی لینڈز کا آئل ٹینکر پکڑنے کا دعویٰ، امریکا نے ایرانی اقدام کو عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سرکاری میڈیا پر جاری ایک بیان میں ایرانی فوج کا کہنا تھا کہ خلیج عمان میں مارشل آئی لینڈز کے آئل ٹینکر کی ٹکر کے نتیجے میں ایرانی کشتی میں سوار عملہ زخمی ہوا جبکہ کچھ لوگ لاپتا ہوگئے بعد ازاں ٹکر مار کر فرار ہونے والے بحری جہاز کو پکڑ کر ایرانی سمندری حدود میں لایا گیا۔
ایرانی اقدام پر رد عمل دیتے ہوئے امریکی بحریہ کا کہنا تھا کہ ایرانی بحریہ نے مارشل آئی لینڈز کے آئل ٹینکر کو قبضے میں لیا ہے، یہ اقدام بین الاقوامی قانون کے منافی ہے۔
امریکی بحریہ کے مطابق ایران مسلسل بحری جہازوں کو ہراساں اور ان کے حقوق میں مداخلت کر رہا ہے، بحری جہازوں کو ہراساں کرنا سمندری سلامتی اورعالمی معیشت کیلئے خطرہ ہے۔