تربت: بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ ‘نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ ساحل ووسائل کاتحفظ ‘قومی تشخص کی بقاء ‘ بلوچستان کے قومی ووطنی مفادات کی نگہبانی نیشنل پارٹی کی سیاست کامحور اورروح ہیں ‘ ساتھیوں کی جدوجہد اورقربانیوں کی بدولت نیشنل پارٹی آج بلوچ کاوارث جماعت کاروپ دھارچکی ہے ‘ تاریخ نے بلوچستان کی قیادت کرنے کی سنگ گراں نیشنل پارٹی کے کندھوں پر رکھ دیاہے ‘کل کی نسبت آج ورکروں پر زیادہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ جدوجہد اور قربانی کے جذبے سے سرشارہوتے ہوئے اپنی قومی جماعت کو مزید منظم ومتحرک بناتے ہوئے ہرفورم پر اس کادفاع کریں ‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن تربت کے کونسلراں کے منعقدہ اجلاس میں بطورمہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ انہوں نے کہاکہ الیکشن میں حصہ لینا ایک چیلنج سے کم نہ تھا مگر ورکروں کی بہادری اور قربانی کاجذبہ ہی تھاکہ اس چیلنج کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور سرخرو رہے ‘ انہوں نے کہاکہ جب وزارت اعلیٰ کامنصب سنبھالا تو خون میں لت پت جلتاہوا بلوچستان ورثے میں ملا ‘ انسرجنٹ اورکاؤنٹرانسرجنٹ فورسزکی لڑائی نے یہاں پر دہشت کاراج قائم کیاتھا بلوچستان کی شاہراہوں پر ڈاکوؤں کا راج ہواکرتاتھا بہت سے شہروں میں شام ڈھلتے ہی سناٹا چھاجاتا تھا ‘ مذہبی انتہاپسندی کا جن بے قابو تھا ‘ بحیثیت سیاسی کارکن ان سخت چیلنجز کامقابلہ آسان بات نہ تھی مگر نیشنل پارٹی کاسیاسی قومی جذبہ ہی تھاکہ ہم نے خطرات کی پرواہ نہ کی اور ان کامقابلہ کیا انہوں نے کہاکہ جو لوگ سالوں تک اپنے گھروں تک نہیں جاسکتے تھے آج آزادی کے ساتھ گھوم پھرکر جلسہ جلوس کررہے ہیں مگر پھربھی بولتے ہیں کہ جی نیشنل پارٹی کی حکومت میں امن وامان مزید خراب ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ قومی وسائل اور ساحل کے تحفظ کاجووعدہ نیشنل پارٹی نے اپنے عوام کے ساتھ کیاتھا بڑی حدتک اس میں کامیابی حاصل کی ہے انہوں نے کہاکہ پی پی ایل کمپنی کومزید ڈریجنگ سے روکا اورکہاکہ پہلے آئیں حساب کتاب کریں ‘ پی پی ایل پرواضح کیاکہ ان کا کردار ایسٹ انڈیاکمپنی سے بدتر اور استحصالی ہے ‘ سوئی سے گیس نکلی ‘گیس پورے ملک میں ایندھن دیتی ہے مگر سوئی کاغریب بگٹی آج بھی لکڑی جلانے پرمجبورہے ‘پی پی ایل پرواضح کیاکہ ان کو مزید لوٹ کھسوٹ کرنے نہ دیں گے ‘ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعت کیلئے نوکریاں اپنے ووٹرز اور ورکرزمیں تقسیم نہ کرکے میرٹ کے تحت تعیناتی بڑی مشکل ہوتی ہے مگرنیشنل پارٹی نے قوم کے مستقبل کی تعمیر کی خاطر ایجوکیشن میں5000تعیناتی میرٹ کے تحت کردئیے ‘ پولیس کو غیرسیاسی بنائے بغیر جرائم کنٹرول نہیں ہوسکتا مگرہم نے یہ بھی کرکے دکھایا ‘یونیورسٹی اورمیڈیکل کالجز نسلوں کی تعمیر کے ادارے ہیں انہوں نے ورکروں پرزور دیاکہ وہ اپنے قومی جماعت کی مضبوطی کواپنا وطنی ذمہ داری تصورکرتے ہوئے ایمانداری کے ساتھ شب وروز محنت اورجدوجہدکریں۔