روس نے یوکرین کی جانب سے صدارتی محل کریملین پر ڈرون حملے کو صدر پیوٹن کو مارنے کی کوشش قرار دے دیا جبکہ یوکرین نے حملے سے مکمل لاتعلقی ظاہر کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین کی جانب سے کریملن پر ڈرون حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے صدارتی محل پر ڈرون حملے کو صدر پیوٹن کو مارنے کی کوشش قرار دے دیا، سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں کریملن کے اوپر دھویں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات کریملن کی طرف آنے والے یوکرین کے دو ڈرون مار گرائے گئے، یوکرین کا ڈرون حملہ صدر پیوٹن کو مارنے کی کوشش ہے۔
دوسری جانب یوکرین نے روسی صدارتی محل کریملین پرڈرون حملے سے مکمل لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کا ماسکو میں صدارتی محل پر ڈرون حملے سے کوئی تعلق نہیں، کریملین پر حملے سے یوکرین کو کچھ حاصل نہیں ہونا ہے۔
یوکرین کے صدارتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کریملین پر حملے کے بہانے روس کے انتہائی سخت ردعمل کا اندازہ ہے۔
ترجمان کریملن دیمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ کریملن پر ڈرون حملے کے باوجود وکٹری پریڈ کی جائے گی، ماسکو میں وکٹری ڈے پریڈ طے شدہ پروگرام کے تحت 9 مئی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ روس میں سوویت یونین کی نازیوں سے فتح کی یاد میں ہر سال وکٹری ڈے پریڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے