|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2023

مالی سال 2023،24 کی تیاریوں کے حوالے سے سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 23 مئی کو طلب کرلیا گیا۔

کمیٹی اجلاس میں نئے مالی سال کیلئے وفاقی ترقیاتی بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی، کوآرڈینیشن کمیٹی اگلےمالی سال کیلئےسالانہ پلان کی بھی منظوری دے گی۔ بجٹ میں پی ایس ڈی پی کی مد میں نو سو ارب سے زیادہ مختص کرنے کا امکان ہے۔

تین سالہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر26-2023کی اگلے ہفتے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی جبکہ نئے مالی سال کا بجٹ 9 یا 10 جون کوپیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مالی سال دوہزار تئیس اور چوبیس کے بجٹ اہداف کے تعین کیلئے مشاورت جاری ہے۔ بجٹ اسٹرٹیجی پیپر آئندہ ہفتے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اگلے مالی سال شرح نمو تین اشاریہ چار فیصد اورمہنگائی کا ہدف 21 فیصد جبکہ ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 9200 ارب روپے مقررکرنے کی تجویز تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 جون تک ٹیکس کی مد میں 7640 ارب ہدف کے مقابلے میں 7200 ارب وصولی کا امکان ہے، ایف بی آر حکام آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ 8600 ارب روپےکا ہدف مقررکرنے کے خواہاں ہیں۔