شارجہ: پاکستان سپرلیگ کے نویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اوپننگ کے لئے آنےوالے بیٹسمین شین واٹسن اور شرجیل خان نے نہایت عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 153 رنز کی شراکت قائم کی جو اب تک پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ شین واٹسن نے 47 گیندوں پر 79 رنز بنائے اور ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جب کہ شرجیل خان نے بھی انتہائی شاندار کھیل پیش کیا اور 49 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 167 رنز کا ٹارگٹ 15ویں اور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر لاہور قلندرز لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان اظہر علی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے کہا تاہم دونوں کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور 20 کے مجموعی اسکور پر کیمرون ڈیلپورٹ 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان اظہر علی 27 رنز پر اپنی وکٹ گنواں بیٹھے۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد لاہور قلندرز کا کوئی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر تک نہ رک سکا تاہم ڈیوائن براوو اور محمد رضوان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور اسکور آگے بڑھایا لیکن ڈیوائن براوو 149 کے مجموعی اسکور پر26 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد رضوان نے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عمران خالد ، رومان رئیس اور سعید اجمل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔