کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں داعش کا وجود نہیں۔ اگر داعش ہوتی تو دہشتگردی کی کوئی نہ کوئی کارروائی کرتی۔ کوئٹہ میں ایف سی اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اْن کا کہنا تھا کہ پوا ملک بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان حالت جنگ میں ہے۔ اقتصادی راہداری کے آغاز کے ساتھ ہی دہشتگردی میں شدت آگئی ہے تاہم صوبائی حکومت دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے ذہنی طور پر تیار اور بھر پور مقابلہ کرے گی۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سرحد پار دہشتگردی پر افغانستان سے بات کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔ اگر داعش ہوتی تو دہشتگردی کی کوئی واردات تو کرتی۔ مردم شماری سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مردم شماری پر کوئی تنازعہ نہیں۔ بعض سیاسی جماعتیں پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہیں۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ایف سی اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شاہراہ اقبال خودکش بم حملے میں زخمی ایف سی اہلکاروں کی عیادت کی ۔ ان کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر محمود بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں زخمی خاتون صحافی بشریٰ قمر کی عیادت بھی کی۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کر نے والے اداروں ،بلخصوص ایف سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایف سی کے ساتھ ہیں اور صوبے کو پر امن بنانے کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے۔ جو جوانمردی اور جو ش و جذبہ کے ساتھ دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی ہسپتال میں گذشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کے موقع پر ان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی ، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صوبائی مشیر عبیداللہ بابت ، سردار دُر محمد ناصر اور اراکین صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو اور حاجی اسلام اور ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ بھی اُ ن کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ نے فرداً فرداً زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی طبیعت کے بارے میں پوچھا اور انہیں پھول پیش کیے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس عز م کا اظہار کیا کہ ملک اور صوبے سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری مشترکہ جنگ ہے اور ہم مل کر ان کا مقابلہ کرینگے ۔ایف سی اہلکاروں نے بھی دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔