|

وقتِ اشاعت :   May 22 – 2023

تربت: صوبائی یونیورسٹیوں کی مالی و انتظامی مسائل اور تعلیمی معاملات پر منعقدہ وائس چانسلرز کانفرنس میں تربت یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا گیا بلوچستان کے جامعات کی پائیداری اوران کو مالی طورپرمستحکم کرنے کے حوالے سے منعقد ہونے والی وائس چانسلرز کانفرنس میں تربت یونیورسٹی کی ترقی اورپائیدارمنصوبہ بندی کو سراہا گیا۔

گورنربلوچستان اوربلوچستان کے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے چانسلر ملک عبدالولی خان کاکڑ کی زیرصدارت دوروزہ وائس چانسلرز کانفرنس 19 اور 20 مئی 2023 کوبلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی،انجینئرنگ اینڈ مینیجمنٹ سائنسز کوئٹہ میں منعقد ہوا۔

کانفرنس میں بلوچستان کے تمام پبلک سیکٹر جامعات کے وائس چانسلرز اور پرووائس چانسلرزکے علاوہ بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان،صوبائی اسمبلی کے ارکان،صوبائی سیکرٹریز اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرجان محمد اور پرووائس چانسلر ڈاکٹرمنصوراحمد نے وائس چانسلرز کانفرنس میں جامعہ تربت کی نمائندگی کی۔ کانفرنس میں تمام جامعات کے نمائندہ وفود نے یونیورسٹیوں کے مالی، انتظامی، اور تدریسی امور پر غور و خوض کیا اور جامعات کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے دس سالہ جامع اسٹراٹیجک پلان میں سفارشات کانفرنس میں پیش کئے گئے۔ کانفرنس کے شرکا نے تمام جامعات کے خوداحتسابی پر بھی زور دیتے ہوئے بلوچستان کی تمام یونیورسٹیوں کے لیے صوبائی حکومت اور ایچ ای سی سے مطلوبہ فنڈز کا مطالبہ کیا۔ کانفرنس کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق جامعہ تربت صوبے کے دیگر یونیورسٹیوں کے مقابلے میں بہتری کی طرف گامزن ہے۔

ریونیو جنریشن کے لحاظ سے جامعہ تربت صوبے کی نئی یونیورسٹیوں میں سب سے آگے ہے۔ کانفرنس میں تربت یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ فیکلٹی شرح اوراسٹاف فیکلٹی تناسب کو بہترین تسلیم کرتے ہوئے اسے دوسری جامعات کے لئے قابل تقلید قراردیاگیاہے۔ کانفرنس کے بیانیے میں اس بات کا بھی اعتراف کیاگیا ہے کہ تربت یونیورسٹی دیگر یونیورسٹیوں کی نسبت کم سے کم اخراجات پر زیادہ طلبا کو اعلی تعلیم کی سہولیات فراہم کررہی ہے، جو کہ تدریسی اورمالیاتی حوالے سے ایک مثبت پیشرفت ہے۔جامعہ تربت کے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی اس کامیابی کا کریڈٹ فیکلٹی ممبران اور اسٹاف کو دیتے ہوئے ان کومبارکباد دی۔

گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ابتدائی اور اختتامی کلمات میں صوبائی حکومت اور ایچ ای سی کے حکام پر زور دیاتھا کہ وہ بلوچستان کے جامعات کی مالی مشکلات کو مستقل بنیاد پر حل کرنے کے لئے انکی زیادہ سے زیادہ فنڈنگ کریں۔ گورنر بلوچستان نے مستقبل میں بھی یونیورسٹیوں کے لیے اسی نوعیت کی مزید کانفرنسیں منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیاتھا۔

صوبائی یونیورسٹیوں کے تمام وائس چانسلران نے بلوچستان کے جامعات کو درپیش دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے گورنر بلوچستان کی بھرپور کوششوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ چانسلر کی سربراہی میں صوبائی جامعات مزید ترقی کریں گے۔ کانفرنس کے شرکا نے اس سلسلے میں گورنر بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری جناب عبدالناصر خان دوتانی اور کانفرنس کے ورکنگ گروپ کے شرکا کے تعاون کو بھی سراہا۔