اسلام آباد: نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ سندھ کی جن جماعتوں نے آرمی چیف کی ملازمت مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے وہ غیر مناسب ہے ، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی ذمہ دار لوکل انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی جن سیاسی جماعتوں نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے وہ غیر مناسب ہے کیونکہ یہ انتظامیہ کا کام ہے کہ وہ کسی کی ملازمت میں توسیع کرے یا نہ کرے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جماعتوں کو میں سیاسی جماعت تسلیم نہیں کرتا اس طرح کی جماعتیں اپنے آپ کو فوج کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے لوگ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہوتے ہیں اور اس طرح کے لوگوں کو ایسی سوچ کو مسترد کرنا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں جو اضافہ ہورہا ہے اس کی ذمہ داری وفاقی حکومت کے علاوہ زیادہ لوکل انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے وہ قیمتوں میں اضافہ کو کنٹرول کرے مگر وہ خود کرپشن میں ملوث ہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی امریکی شہری ہے اور اس کو امریکہ کی عدالت نے سزا دی ہے کہ سیاسی اورمذہبی جماعتیں اس مسئلے پر پوائنٹ سکورنگ نہ کریں ۔