کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2023-24کی صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ پیر کو وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں سیکرٹری خزانہ قمبر دشتی نے کابینہ کو صوبائی محاصل اور اخراجات اورآئندہ مالی سال کے بجٹ کے اعداد و شمار اور خدو خال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط کی کابینہ کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ جس کے بعد بلوچستان کابینہ نے مالی سال 2023-24کے صوبائی بجٹ کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدو س بزنجو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تا ریخی بجٹ پیش کیا ہے ایوان میں کسی قسم کا احتجاج یا شور شرابا نہیں ہوا۔ یہ بات انہوں نے بلو چستان اسمبلی کی لابی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ پر اعتماد انداز میں کہا کہ بلو چستان حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جس کی واضح مثال یہ ہے کہ ایوان میں اپوزیشن یا اراکان کی جانب سے کسی قسم کا احتجاج یا شور شرابا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ تمام لوگوں نے بجٹ کو تسلی سے سنا۔