|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2016

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت صوبے سے دہشت گردی اور پولیو کے خاتمے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے۔ صوبے کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ پولیو سے پاک کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اپنے ایک بیان میں انہوں نے حالیہ پولیو مہم کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبے کے 15اضلاع میں جاری پولیومہم آج بروز جمعرات کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی ہے جس میں 15لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا تھا اور اب تک کے حاصل ڈیٹا کے مطابق مہم کے دوران 12لاکھ 31ہزار 8سو 20بچوں کو قطرے پلائے گئے جو کہ مقرر کردہ حدف کا 73فیصد ہے جبکہ دوردراز کے علاقوں سے مکمل ڈیٹا کل تک حاصل ہوگا مذکورہ مہم میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی گئی تھی کہ پولیوویکسین کے قطرے پینے سے رہ جانیو الے بچوں کو ہر صورت پولیو ویکسین دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران بہترین انتظامات اور پولیو ورکروں کی حفاظت کیلئے کئے گئے موثر اقدامات کی بدولت کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ پولیو مہم کی براہ راست نگرانی کررہے تھے بلکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھی ان کی ہدایت کی روشنی میں مہم کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھا گیا صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بے شک نہ صرف بلوچستان جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی پولیو مہم کے ورکرز کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے تاہم صوبائی حکومت اضلاعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حوالے سے پوری طرح مستعد ہیں۔