|

وقتِ اشاعت :   July 11 – 2023

کوئٹہ: شاہوانی قبیلے کی ذیلی شاخ اور گرانی قبیلے میں جاری خونی تنازعے کے خاتمے میں اہم پیشرفت، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی سربراہی میں قبائلی میڑھ نے دو سال بعد فریقین میں ایک ماہ کی جنگ بندی کرا دی۔

منگل کے روز نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی سربراہی میں نوابزادہ میر رئیس رئیسانی، نوابزادہ میر شہک شاہوانی و دیگر قبائلی عمائدین و سادات نے شاہوانی قبیلے کی ذیلی شاخ کی جانب سے گرانی قبیلے کے سربراہ سردار نہال خان گرانی کے یہاں بلوچی میڑھ لیکر پہنچے جس پر سردار نہال خان گرانی و دیگر معتبرین نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی و دیگر معتبرین اور میڑھ کو شرف اور عزت بخشتے ہوئے دو سال بعد ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا۔

اس موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ کچھ عرصے قبل ناڑی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں جانی نقصانات ہوئے فریقین کے درمیان جاری اس تنازعے میں مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے اور جنگ بندی پر آمادہ کرنے کیلئے کوششوں کا آغاز کیا۔

اور آج اس سلسلے میں قبائلی عمائدین نے شاہوانی قبیلے کے ذیلی شاخ کی جانب سے سردار نہال خان گرانی اور ان کے قبیلے کے معتبرین کے پاس میڑھ لائے جنہوں نے میڑھ کو شرف اور عزت بخشتے ہوئے ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین کی روایات، دستور، قوانین رسم اور رواج ہیں، گرانی قبیلے کے سفید ریش، معتبرین اور جوانوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ہماری درخواست پر ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا ہماری آئندہ بھی کوشش ہوگی کہ رسم رواج اور روایات کے تحت تنازعات کا پرامن تصفیہ کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔