|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2016

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، شرجیل خان اور ڈیون اسمتھ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں اسمتھ نے انور علی کو 2 چوکے اور شرجیل خان نے آخری گیند پر شاندار چھکا رسید کرکے 15 رنز بٹورے۔ اسمتھ نے دوسرے اوور میں میک کولم کو 2 چوکے مار کر 9 رنز لیے۔ دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 4 اوورز میں 40 رنز بنائے تاہم ناتھن میک کالم نے چھٹے اوور کی چوتھی گیند پر شرجیل خان کو 13 رنز پر بولڈ کرکے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا جس کے بعد ہیڈن بیٹنگ کے لیے آئے اس دوران اسمتھ نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی۔ محمد نواز نے 8ویں اوور میں ایک رنز دے کر شاندار اوور کیا تاہم اسمتھ نے 9ویں اوور میں ایلیٹ کو چوکا رسید کرکے 33 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ ڈیون اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام بولر بے بس نظر آئے، دونوں کھلاڑی گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلتے رہے اور دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم بنیاد رکھی ، اسمتھ 51 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اندرے رسل میدان میں آئے اور ذوالفقار بابر کو ایک چھکا رسید کرنے کے بعد اگلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے، خالد لطیف بھی 7 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، بریڈ ہیڈن 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 61 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے میک کالم، اعزاز چیمہ اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کیے۔ احمد شہزاد اور بسمہ اللہ خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد عرفان نے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر بسمہ اللہ خان کو صفر پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد کیون پیٹرسن بیٹنگ کے لیے آئے ، کوئٹہ کی جانب سے عمران خالد نے دوسرے اوور میں 4 رنزدیئے، تیسرے اوور کی دوسری گیند پر کیون پیٹرسن نے محمد عرفان کو زبردست چھکا رسید کیا،چوتھے اوور کی دوسری اور آخری گیند پر احمد شہزاد نے سیموئل بدری کو شاندار چوکے مار ے، 5 ویں وورز کے اختتام پر کوئٹہ کے 33 رنزتھے، اندرے رسل کی چھٹے اوور کی پہلی گیند پرآصف علی نے کیون پیٹرسن کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، پیٹرسن 18 گیندوں پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کمارا سنگاکارا نے ساتویں اوور کی پانچویں گیند پر سیموئل بدری کو جب کہ آٹھویں اوور کی آخری گیند پر رسل کو کٹ شاٹ پر شاندار چوکا رسید کیا، احمد شہزاد نے نویں اوور کی پہلی ہی گیند پر بدری کو چوکا رسید کیا۔ 12 اوورز کے اختتام پر کوئٹہ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے، سنگاکارا نے 13ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر سمیع کو شاندار چھکا رسید کیا، سنکاگارا نے 14ویں اوور میں ڈیون اسمتھ کو 2 چوکے اور 1 چھکا رسید کرکے اوور میں 16 رنز لیے جب کہ انہوں نے 30 گیندوں پر اپنی نصف سنچری بھی اسکور کی تاہم وہ 15ویں اوور کی تیسری گیند پر رسل کی گیند پر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،احمد شہزاد اور کمارا نے تیسری وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ دوسری جانب احمد شہزاد نے رسل کو پانچویں اور چھٹی گیند پر چوکا مارا، اس دوران شہزاد نے 38 گیندوں پر اپنی ففٹی بھی مکمل کی۔ نئے آنے والے بیٹسمین محمد نواز نے بدری کو 16ویں اوور کی تیسری گیند پر شاندار چھکا رسید کیا تاہم اگلی ہی گیند پر بدری نے نواز کو بولڈ کرکے حساب برابر کردیا۔ شہزاد نے 17ویں اوور کی دوسری گیند پر سمیع کو شاندار چھکا مارا تاہم اگلی ہی گیند پر وہ بدری کو کیچ دے بیٹھے، شہزاد 39 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر محمد عرفان نے سرفراز احمد کو 4 رنز پر پویلین بھیجا، محمد سمیع نے 19ویں اوور میں صرف 4 رنز دے کر کوئٹہ کو بڑا ٹارگٹ دینے سے روکنے کی کوشش کی تاہم کوئٹہ کی ٹیم آخری اوور میں انور علی اور گرانٹ ایلیٹ کے 2 چھکوں کی مدد سے 175 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔ اسلام آباد کی جانب سے اندرے رسل نے 3، محمد عرفان نے 2 جب کہ محمد سمیع اور سیموئل بدری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اندرے رسل کو میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرنے پر بیسٹ بولر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ ڈیون اسمتھ کو 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر دیا گیا۔ دوسری جانب لاہور قلندرز کے عمر اکمل نے پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بنیاد پر انہیں 3 ایوارڈز سے نوازا گیا، عمر اکمل کو لیڈنگ رنز اسکورر کا ایوارڈ اور بہترین بیٹسمین کے ساتھ بہترین فیلڈنگ کا ایوارڈ بھی دیا گیا جب کہ بہترین بولر کا ایوارڈ اسلام آباد کے اندرے رسل کے نام رہا انہوں نے ایونٹ میں 16 وکٹیں حاصل کیں، رسل کو بہترین کیچ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ کراچی کنگز کے روی بوپارا کو ایونٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔