اسلام آباد: چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ سے چینی کمپنی ایم سی سی کے چیئرمین مسٹر گواؤ وینکنگ نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیندک میٹل پراجیکٹ کی ترقی اور بلوچستان میں شمسی توانائی کے شعبہ میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول اور روشن امکانات موجود ہیں جن سے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ صوبائی حکومت شمسی توانائی سمیت توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ کے لئے بیرونی سرمایہ کاری کا حصول چاہتی ہے جس کے لئے سرمایہ کاروں کو مراعات اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ چینی کمپنی کے چیئرمین نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی کمپنی شمسی توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کا جائزہ لے گی۔