|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2023

جنوبی کوریا میں شدید گرم موسم کے باعث 16 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا میں ایک لمبے وقت سے ہیٹ ویو چل رہی ہے اور اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کوریا کی ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گرمی لگنے سے اب تک 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اموات کا یہ سلسلہ رواں سال کے مئی سے جاری ہے اور  یہ اموات گزشتہ سال میں ہونے والی اموات سے کئی گنا زیادہ ہیں کیونکہ گزشتہ سال گرمی لگنے کی وجہ سے 6 افراد کی اموات ہوئی تھی۔

ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن ایجنسی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ گرمی لگنے کی وجہ سے 1284 افراد متاثر بھی ہوئے ہیں۔

جنوبی کوریا کی وزارت داخلہ و حفاظت کی جانب سے 2019 کے بعد پہلی بار گرمی کی لہر کی وارننگ کو  “سنگین” کہا گیا ہے۔

گزشتہ روز جنوبی کوریا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت گیونگ گی صوبے کے شہر  یوجو میں 38.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور شہرآنسیونگ میں 38.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے عوام کو گرمی سے بچانے کیلئے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں جن میں خیمے اور کرائے پر چھتری وغیر شامل ہے۔

واضح رہے بڑے پیمانے پر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث بیشتر ممالک میں اس وقت ہیٹ ویو جاری ہے۔