ڈھاکا: ایشیا کپ ٹی 20 میں بنگلادیش نے سری لنکا کو 23 رنز سے شکست دے دی۔
میرپور کے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے جس کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا نے ہدف کا تعاقب کیا تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور 20 کے مجموعی اسکور پر جارح مزاج بلے باز تلکرانے دلشان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر دنیشن چندیمل اور شیان جے سوریا نے دوسری وکٹ پر 56 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 76 تک پہنچایا تو چندیمل 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور یوں وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ جے سوریا 26، کپتان انجیلو میتھیوز 12، تھسارا پریرا 4، ملندا سری وردانا 3،دوسان شاناکا 14 اور نوان کلسیکارا بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے الامین حسین نے 3، شکیب الحسن 2، مستفض الرحمان، مشرفی مرتضی اور محمد اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر صابرالرحمان کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز محمد مٹھن اور سومیا سرکار بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے جس کے بعد آنے والے وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم بھی صرف 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ شکیب الرحمان اور صابر رحمان نے چوتھی وکٹ پر 82 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور108 رنز تک پہنچا توصابر رحمان 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شکیب الحسن 32، نورالحسن 2 اور کپتان مشرفی مرتضی بھی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد اللہ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے3، انجیلو میتھیوز اور نوان کلسیکارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔