کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کلی شیخان کوئٹہ کے ایک سکول کے امتحانی ہال میں بارش کے پانی میں بچوں کے میٹرک کا امتحان دینے کی اطلاعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم سے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے صوبائی وزیر تعلیم نے سیکرٹری ایجوکیشن اور کنٹرول امتحانات ثانوی تعلیمی بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ کی فوری انکوائری کی جائے اور بتایا جائے کہ امتحانی مرکز میں پانی داخل ہونے پر متبادل جگہ کا بندوبست کیوں نہیں کیاگیا تاکہ کوتاہی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ صوبائی وزیر جو کہ جاری اسکول داخلہ مہم کے سلسلے میں ضلع قلعہ عبداﷲ کے دورے پر تھے نے صوبائی دارالحکومت پہنچتے ہی واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ آج بروز ہفتہ کوئٹہ کے امتحانی مراکز کا دورہ کرکے صورتحال کا خود جائزہ لیں گے اور اس قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اگر ہم اپنے طلبہ کو بہتر سہولتیں فراہم نہیں کرسکتے تو صوبے سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کا ہدف بھی حاصل نہیں ہوسکے گا۔