میرپور: ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بنگلادیش کے شہر میرپور کے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے جو پاکستان نے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پور کرلیا، محمد حفیط اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، محمد حفیظ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ شرجیل خان بھی 31 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، وہ دلشان کے ہاتھوں پویلین لوٹے۔ سرفراز احمد عمر اکمل کے ہمراہ 36 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد 38 رنز پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شعیب ملک کریز پر آئے اور عمر اکمل کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کیلیے 56 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، عمر اکمل 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے نوان کولیسکرا، جے سوریا، دلشان اور سری وردانے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کپتان دنیش چندیمل اور تلکارتنے دلشان نے 110 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی، کپتان چندیمل 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شہیان جے سوریا 4 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد عرفان نے چمارا کپوگیدرا کو 2 اور ڈاسن شانکا کو 0 پر بولڈ کیا۔ دلشان نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 1 چھکا اور 10 چوکے شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2، شعیب ملک اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔