|

وقتِ اشاعت :   September 9 – 2023

رباط: مراکش میں شدید نوعیت کے زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 632 ہو گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی اور درجنوں تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز  مراکش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور  اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد سے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث عوام گھروں میں جانے کے بجائے سڑکوں اور کھلے مقامات پر آ گئے ہیں۔

مراکشی حکام کا بتانا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد 632 ہو گئی ہے جبکہ 330 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، اس کے علاوہ تاحال درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس کے باعث اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں جبکہ درجنوں عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر دیا گیاہے اور عوام سے اسپتالوں میں خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔