|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2016

بیجنگ: چین اور پاکستان کو ملانے والی ریلوے لائن کی تعمیر کا کام اس سال شروع کر دیا جائے گا ،اس سلسلے میں قابل عمل رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار سنکیانگ کاشغر کے پارٹی چیف ژینگ چن نے چینی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن کا شغر شہر سے شروع ہو گی جو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے ۔دریں اثنا اسلام آباد میں ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت پاکستان نے بھی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ریلوے لائن کی اپ گریڈنگ اور تنصیبات کی منصوبہ بند ی مکمل کر لی ہے ، نئی ریلوے لائن گوادر سے کوئٹہ اور براستہ بسما جیکب آباد تک بچھائی جائے گی ،560کلومیٹر طویل ریلوے لائن بوستان سے کوٹلہ جام تک براستہ ژو ب جب کہ دوسری بڑی لائن ڈیرہ اسماعیل خان تک جائے گی جب کہ 682کلومیٹر طویل ریلوے پٹڑی حویلیاں سے خنجراب تک بچھائی جائے گی ۔پاکستانی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ کراچی سے براستہ کوٹری ،ملتان، لاہور ،راولپنڈی 1872کلومیٹر ریلوے لائن پشاور تک اپ گریڈ کی جائے گی جبکہ منصوبے کے مطابق شادرہ سے پشاور تک ریلوے لائن دور و یہ کر دی جائے گی جبکہ کوٹری سے اٹک شہر براستہ دادو ، لاڑکانہ ، جیکب آباد ، ڈیرہ غازی خان ، بھکر ، کندیاں 1254کلومیٹر ریلوے لائن اپ گریڈ کی جائے گی ۔چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ،تیل اور گیس کی ترسیل کے لئے گوادر کی بندرگاہ سے کاشغر شہرتک تین ہزار کلومیٹر طویل شاہراؤں اور ریلوے لائنوں کا جال بچھا دیا جائے گا ۔یاد رہے کہ ان عظیم منصوبوں کے لئے تجاویز کووزیر اعظم لی کی جیانگ کے 2013ء میں دورہ پاکستان کے دوران حتمی شکل دی گئی تھی ۔