ملک میں مسلسل عوام کے لیے کوئی اچھی خبر سامنے نہیں آرہی ہے۔
مہنگائی ، اشیاء کی قلت سمیت دیگربحرانات نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا کر رکھ دی ہے۔ عوام پر پیٹرول بم کے ساتھ مہنگی بجلی ،ٹیکسز، اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مکمل طور پر ان کی آواز بندہوچکی ہے، ریلیف کے آثار دور دور تک دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں اپنی الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔
شمولیتی پروگرامز چل رہے ہیں تقاریر میں ایک دوسرے کو موجودہ معاشی مسائل اور مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا جارہاہے، تمام جماعتوں نے حکومت میں حصہ ڈالا مگر بوجھ اب کوئی اٹھانے کو تیار نہیں بلکہ اتحادی ایک دوسرے پر ملبہ ڈال کر الیکشن کا ماحول بنارہے ہیں .
البتہ یہ ضرور کہا جاسکتا ہے تجزیاتی طور پر کہ عوام موجودہ مہنگائی اور بحرانات کی وجہ سے شدید غم وغصے میں مبتلا ہے ،سیاسی جماعتوں کے امیدوار جب اپنے حلقوں میں ووٹ مانگنے اور کارنرمیٹنگز کرینگے تو عوامی ردعمل کا سامنا انہیں کرناپڑے گا خدشہ ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا بھی موجود ہے جب تک معاشی صورتحال بہتر نہیں ہوگی۔
،عوام کو ریلیف نہیں ملے گا عوام کی بڑی تعداد مشکل سے ووٹ دینے باہر نکلے جوخود سیاسی جماعتوں کیلئے چیلنج ثابت ہوگا اپنے ووٹرزکو کس طرح سے اعتماد میں لینگے۔ بہرحال اب ایک اور مسئلہ سراٹھانے لگا ہے۔
آئل ٹینکرزایسویسی ایشن کی ہڑتال کے بعد ملک بھر میں پیٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ صدرآئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق کسی قسم کی سپلائی نہیں جائے گی، گاڑیاں جہاں ہیں وہاں روک دی گئیں ہیں۔
آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کی جانب سے ملک بھرمیں ہڑتال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔آئل کمپنیزایڈوائزی کونسل نے پیٹرولیم ڈویژن کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے، آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے احتجاجاً دفاتر کے باہر اور پارکنگ ایریا میں بینرز لگا دئیے ہیں اور شہر کے مختلف پارکنگ ایریاز میں آئل ٹینکرز کو کھڑا کر دیا گیا ہے۔
صدرآئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن عابداللہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں تیل کی کسی قسم کی سپلائی نہیں کی جائے گی
، ٹینکرز جہاں ہیں وہیں روک دیے ہیں۔واضح رہے کہ آئل ٹینکرزکنٹریکٹرزایسوسی ایشن کی جانب سے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے پر ملک گیر تیل کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔آئل ٹینکرز کنٹریکٹرایسوسی ایشن کا کرایوں میں اضافہ کا مطالبہ ۔
یعنی عوام پر مزید ایک اور بوجھ ڈالنا ہے ویسے بھی کرایوں میں کون سی رعایت عوام کے پاس موجود ہے کرایے توپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ ہی بڑھادیے گئے ہیں اب مزید عوام کا خون چوسنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے خدارا عوام پر اب رحم کیا جائے جو تمام تر ٹیکسز دینے کے باوجود بھی ریلیف سے محروم ہیں۔