اسلام آباد /نئی دہلی: بھارت کی جانب سے سکیورٹی کی یقین دہائیوں کے بعد حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ 2016ء میں شرکت کیلئے بھارت جانے کی اجازت دیدی ہے ۔ جمعہ کووزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق مغربی بنگال کے وزیراعلی اور کلکتہ کے پولیس چیف سمیت متعلقہ بھارتی حکام خاص طور پر بھارتی سیکرٹری داخلہ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق یقین دہانی کرائے جانے کے بعد حکومت پاکستان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت جانے کی اجازت دیدی ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رابطہ کیا جس میں پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدر ی نثار علی خان نے بھارت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کر نے کے حوالے سے بریفنگ دی ذرائع نے بتایاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ وزارت داخلہ اور پاکستانی سکیورٹی ادارے بھارت میں پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی کیلئے بھارت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے مطمئن ہیں تو مجھے ٹیم بھارت بھیجنے پر کوئی اعتراض نہیں ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم کو دہلی میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر کی بھارتی سیکرٹری داخلہ سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط نے بھارتی سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کی اور اس موقع پربھارت کی جانب سے انہیں قومی کرکٹ ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے ٹیم کی سکیورٹی کے معاملے پر بھارتی سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کے بعد کہا کہ ملاقات مثبت رہی ہے اور وہ اپنی سفارشات حکومت پاکستان کو بھجوادی ہیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدر ی نثار علی خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یار خان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو بھارت بھیجنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی ذرائع نے بتایاکہ شہر یار خان نے بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی جانب سے سکیورٹی کی یقین دہانیوں کے حوالے سے آگاہ کیا ۔بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی جس میں پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ نجم سیٹھی نے بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کئے جانے کی یقین دہائیوں سے آگاہ کیا جس کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت دیدی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے بتایاکہ بھارت نے قومی ٹیم کو درکار سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی جس کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی ٗ قومی ٹیم آئندہ چوبیس گھنٹوں میں دبئی کے راستے کولکتہ جائے گی۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ ملاقات میں انھوں نے بھارتی حکام کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو درکار سکیورٹی کی فراہمی کی ضمانت کے بارے میں مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ٗبھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے سیکریٹری سے بھی اس سلسلے میں ملاقات کی جس کے بعد ٹیم کو بھارت بھیجنے کی منظوری دے دی گئی۔اس سے قبل مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بینرجی اور کولکتہ پولیس چیف نے پی سی بی کو تحریری طور پر قومی کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے کی تحریری ضمانت دی تھی ٗ پی سی بی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلی، کولکتہ کے پولیس چیف اور آئی سی سی نے خط لکھا تھا اور تمام دستاویزات وزارت داخلہ کو ارسال کردی تھیں۔ ادھر نجم سیٹھی سے ملاقات کے بعد وزیر داخلہ نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ٹیلیفونک رابط کیا جس میں وزیر داخلہ نے چیئر مین پی سی بی کو پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی آراء جاننے کی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ دورہ بھارت کے حوالے سے کھلاڑیوں کے تحفظات معلوم کیے جائیں ۔