کوئٹہ: کوئٹہ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال اور آتشزدگی کی صورت میں فائر بریگیڈ کے پاس وسائل نہیں جدید دور میں بھی فائر بریگیڈ کا عملہ بنیادی سہولیات سے محروم۔ تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کی صورت میں جان بچانے اور آگ پر قابو پانے والے فائر فائٹرز کیلئے آنے والا جدید سامان فائر بریگیڈ اسٹیشنوں تک نہ پہنچ سکا۔ معتبر ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ کوئٹہ میں فائر بریگیڈ اسٹیشنوں کے فائر فائٹرز کیلئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آنے والا جدید حفاظتی سامان غائب ہوگیا ۔ فائر بریگیڈ اسٹیشن پر آج بھی فائر فائٹرزپرانے طریقے سے آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں بچانے والے فائر فائٹرز حفاظتی تدابیر کے بغیر ہی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ میں گنے چنے چند فائر اسٹیشنوں میں گاڑیوں کی حالت بھی درست نہیں ماسک سمیت دیگر حفاظتی لباس اور ضروری سامان فراہمی کے باوجود عملے کو نہ ملنا سوالیہ نشان ہے متعلقہ ادارے اور حکام کو اس صورتحال پر توجہ دینی ہوگی خدانخواستہ ایسا نہ ہو کہ دوسروں کی عمارتوں اور جان کو بچانے والے خود ہی ماضی کا حصہ نہ بن جائیں۔