|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2016

 کراچی: ملک بھر میں پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جس کے دوران سخت سیکیورٹی میں لاکھوں بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، کراچی میں شروع ہونے والی 4 روزہ پولیو مہم کے دوران 5 سال یا اس سے کم عمر کے 22 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جب کہ تمام سرکاری اسپتالوں، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر رضاکار بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے موجود ہوں گے۔ بلوچستان میں تین روز تک پولیو مہم جاری رہے گی جس کے دوران رضاکاروں کی ٹیمیں سخت سیکیورٹی میں محلے محلے پھر کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ خیبرپختونخوا اور فاٹا میں بھی 4 روزہ مہم کا آغاز ہوگیا جہاں لاکھوں بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جب کہ چترال میں بارش اور برفباری کے باعث مہم کو موخر کردیا گیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جس کے دوران لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔