|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2016

کراچی:  سابق صدرپرویزمشرف کوکمرمیں تکلیف کی وجہ سے اتوارکوکلفٹن کے نجی اسپتال میں داخل کرلیاگیا۔ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق ریڑھ کی ہڈی میں شدید تکلیف کی شکایت پرانھیں اسپتال لایاگیا، سابق صدرضیا الدین یونیورسٹی کے اسپائنل سرجن ڈاکٹرامتیاز ہاشمی کے زیرعلاج ہیں، پرویزمشرف کی ریڑھ کی ہڈی میںتکلیف کی تصدیق حکومت سندھ کی جانب سے 5جنوری2015 کو تشکیل دیے جانے والے پہلے سرکاری میڈیکل بورڈ میںکی گئی تھی۔ صوبائی محکمہ صحت نے سابق صدر پرویزمشرف کے طبی معائنے کیلیے نیورواسپائنل سرجن ڈاکٹرامیتازہاشمی کی سربراہی میں 11 پروفیسروںپرمشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیاتھا، گزشتہ سال 31مارچ کومیڈیکل بورڈ کے اراکان نے پرویزمشرف کی رہائش گاہ جاکرمعائنہ کیاتھا اورانھیں ایم آر آئی کرانے کی ہدایت کی تھی۔ ایم آر آئی رپورٹ کی روشنی میں میڈیکل بورڈکے ارکان نے ریڑھ کی ہڈی میںہیئرلائن فریکچرکی تصدیق کی تھی جس کی رپورٹ محکمہ صحت کو دے دی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایاکہ اتوار کو بھی پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں شدید تکلیف کی شکایت پرانھیںنجی اسپتال لایاگیاجہاں ابتدائی طورپر ڈاکٹرسہیل رفیع نے معائنہ کیا۔ دریںاثنا آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں نے پرویز مشرف کے مختلف ٹیسٹ کیے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد مزید علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پرویزمشرف کو کمر درد کی شکایت رہی اوران کے معالجین نے مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔