|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2023

کراچی: پاکستان کے سرکردہ اسلامی بینک میزان بینک اور سافکو مائیکرو فنانس کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ (SMCL)نے پہلی اسلامی مائیکرو فنانس برانچ قائم کرنے کیلئے شراکت داری کی ہے۔

اس سلسلے میں ‘یقین ‘کے نام سے حیدرآباد میں برانچ قائم کی گئی ہے اور یہ شراکت داری ملک میں اسلامک فنانس کے لیے اہم پیش رفت ہے۔اس شراکت داری کے ذریعے میزان بینک 100ملین روپے کی فنانسنگ کے ساتھ ساتھ پراڈکٹ ڈیولپمنٹ کیلئے تکنیکی معاونت،

کیپسٹی بلڈنگ اور تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

یہ اہم سنگِ میل دونوں اداروں کی مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتاہے اور سافکو مائیکرو فنانس کمپنی کی پہلی اسلامی مائیکرو فنانس برانچ کا قیام اسلامک فنانس سیکٹر میں میزان بینک کی نمایاں شراکت کا ثبوت ہے۔

سافکو مائیکرو فنانس کا مقصدکم آمدنی والے اور کم مراعات یافتہ طبقے کو ‘یقین ‘کے ذریعے شریعہ کے مطابق مائیکرو فنانس خدمات فراہم کرناہے۔

یہ اقدام شرعی اصولوں کی تعمیل کرتے ہوئے مائیکروفنانس کی جدّت پر مبنی خدمات کی پیش کش کے عزم کااظہار ہے۔

تقریب کی افتتاحی تقریب میں سافکو مائیکرو فنانس کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیمان جی ابڑو اور منیجنگ ڈائریکٹر اور نائب صدر سید سجاد علی شاہ نے اسلامک فنانس کیلئے کمپنی کے ویژن اور تبدیلی کے اس سفر کو فعال بنانے میں میزان بینک کی مہارت اور سپورٹ پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر میزا ن بینک کے گروپ ہیڈ شریعہ کمپلائنس احمد علی صدیقی نے سافکو مائیکروفنانس کی جانب سے اسلامک مائیکرو فنانس خدمات کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سافکو مائیکروفنانس کو ایک مکمل اسلامی مائیکرو فنانس ادارے میں تبدیل ہونے کے مشن کیلئے میزان بینک اپنی سپورٹ فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔

ملک کے پہلے اسلامی بینک کے طورپر ہم سافکو مائیکروفنانس کیلئے ایک اسٹریٹجک بزنس کنورژن پلان تیار کرنے اور اسلامی مالیاتی نیٹ ورک کی توسیع میں اپنی مہارت کو بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔

یہ کوشش پاکستانی میں مالیاتی شمولیت، بہترین بینکاری پریکٹسز اور شریعہ کے مطابق فنانسنگ کو فروغ دینے کے ہمارے مشترکہ وژن سے ہم آہنگ ہے۔ اس شراکت داری سے اسلامی مالیاتی منظرنامے پر دیر پا اثرات مرتب ہوں گے اور ہم جن کمیونٹیز کو خدمات فراہم کرتے ہیں ان کی معاشی بہبود میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔