پاکستان میں دوست ممالک کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے معیشت پر بہترین اثرات مرتب ہونگے،
چین سی پیک جیسے بڑے منصوبے پر کام کررہا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب بھی پاکستان میں مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں جس سے معاشی استحکام سمیت ملک میں ترقی و خوشحالی اورروزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے جبکہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔ملکی معیشت بہتر سمت میں گامزن ہوگی، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملک کے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔
بہرحال متحدہ عرب امارات کے صدر، پاکستان کے نگران وزیر اعظم اور آرمی چیف نے ایک اہم ملاقات کی ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز پروجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
متحدہ عرب امارات پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
اِس تاریخی انویسٹمنٹ سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو گی۔انویسٹمنٹ سے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد بھی ملے گی۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں بھرپور تعاون پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات وقت کی ہرآزمائش پر پورا اترے ہیں۔ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کوپ 28کیلئے یو اے ای کی صدارت کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 18لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے۔معاہدوں سے پاک یو اے ای اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
بہرحال پاکستان میں حالیہ بیرونی سرمایہ کاری معاشی میدان میں ایک انقلابی قدم ہے پاکستان گزشتہ چند برسوں سے شدید مالی بحران کا شکار ہے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں،اس بیرونی سرمایہ کاری سے درپیش چیلنجز سے نکلنے میں مدد ملے گی، پاکستان کاخطے کے لحاظ سے معیشت میں اہم کردار ہے آنے والے دنوں میں توقع ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری مزید بڑھے گی دیگر ممالک بھی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں
امید ہے جلد دیگر دوست ممالک مزید سرمایہ کاری کرینگے جبکہ پاکستان بھی اپنی مصنوعات دوست ممالک سمیت عالمی منڈی تک پہنچائے گا جس سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا .
پاکستان کی معیشت کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔