اسلام آباد: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالسیوں اور بہترین حکمت عملی کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار ایک بار پھر بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری سے صوبے کی پسماندگی دور کرنے ، عوام کی حالت بہتر بنانے اور روز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی کثیرالقومی بھاری مشینری کمپنی (Chinese Multinational Heavy Michinery Company) کے وفد سے بات چیت کر تے ہوئے کیاجس نے ہفتہ کے روز بلوچستان ہاوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر نے چینی وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان کے کسی بھی علاقے خاص طور سے بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا نہ صرف خیر مقدم کیا جائیگا۔ بلکہ حکومت انہیں ہر طرح کی سیکیورٹی اور ضروری سہولتوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائے گی۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرُکشش مواقع موجود ہیں اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ساز گار ماحول کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ چینی وفد نے گورنر کو بتایا کہ وہ پلوں کی تعمیر، ریلوے لائنوں کی تنصیب اور بھاری مشینری کی پیداوار کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔ گورنر بلوچستان نے چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ بنیادی شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے گران قدر تعاون کیا ہے اور اب بھی نشاندہی کر دہ شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا ہم تہہ دل سے خیر مقدم کر تے ہیں۔