کولکتہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی قیادت پر کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کے بعد ایک مقامی چینل کو اپنے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب کپتان خود دباؤ میں ہو تو وہ ٹیم کو کیسے سنبھال سکتا ہے، میں جب میچ سے قبل شاہد آفریدی سے ملا تو مجھے وہ بہت دباؤ میں دکھائی دیا اور میں انھیں بار بار پرسکون رہنے کی تلقین کرتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو آگے لے جانے میں کپتان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے اور پوری ٹیم کپتان کی طرف دیکھ رہی ہوتی ہے لیکن جب کپتان ہی دباؤ کا شکار ہو تو پھر پوری ٹیم پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی شکست کا ذمہ دار کسی ایک کھلاڑی کو قرار نہیں دیا جا سکتا لیکن پاکستان کے اسپنر نے اچھی بولنگ نہیں کی، ان کی لائن اور لینتھ ٹھیک نہیں تھی، اسپنر کے ذریعے سے ہم فائدہ اٹھا سکتے تھے لیکن آفریدی نے نہ خود ٹھیک بولنگ کی اور نہ ہی دیگر بولرز کا صحیح استعمال کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جیت سے بھارت کا مورال بلند ہوگا جب کہ گرین شرٹس پر اگلے میچز میں دباؤ ہو گا، عمران خان نے ویرات کوہلی کی شاندار بلے بازی کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ عمران خان بھارت کے خلاف میچ سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹپس دینے کولکتہ گئے تھے لیکن گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عمران خان نے شاہد آفریدی کی قیادت پر کئی سوالات اٹھا دیئے
وقتِ اشاعت : March 20 – 2016