نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح طور پیغام دے دیا گیا ہے کہملک میں عام انتخابات وقت پرہونگے ۔
سیاسی جماعتوں کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے، عوامی اجتماعات، شمولیتی تقریبات، سیٹ ایڈجسٹمنٹ، اتحاد تشکیل دیئے جارہے ہیں،
بڑی سیاسی جماعتوں کی مکمل توجہ پنجاب پر مرکوز ہے کیونکہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی زیادہ نشستیں حاصل کرنے سے مرکز میں بآسانی حکومت تشکیل دی جاسکتی ہے جبکہ چھوٹے صوبوں کی بھی قومی اسمبلی کی نشستیں اہمیت اختیار کرگئیں ہیں۔ بلوچستان میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی زور آزمائی جاری ہے دونوں جماعتوں کی کوشش ہے کہ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں سے اتحاد سمیت اہم شخصیات کی شمولیت یقینی بنائی جائے اس کے لیے آنے والے دنوں میں دائرہ کار کو مزید وسعت دیا جائے گا
مگر نئی بننے والی جماعتوں استحکام پاکستان پارٹی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز بڑی جماعتوں کیلئے درد سر ضرور بنیں گی ان جماعتوں کی جانب سے بھی مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے اور کوشش یہی ہورہی ہے کہ پنجاب، کے پی اور سندھ میں بھی مقابلے کی دوڑ تیز ہو البتہ عام انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانا نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو نہ صرف لیول پلیئنگ فیلڈ ملنا چاہئے بلکہ تحفظات پر بھی لازمی توجہ دینی ہوگی تاکہ عام انتخابات کے بعد سوالات نہ اٹھیں۔