|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2016

بنگلور: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش نے محموداللہ کی جرات مندانہ اننگ کی بدولت آسٹریلیا کو فتح کے لیے 157 رنز کا ہدف دے دیا۔ بنگلور میں کھیلے جا رہے گروپ2 کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ بنگلہ دیش کو پہلا دھچکا تب لگا جب سومیا سرکار صرف 1 رن بنا کر واٹسن کی گیند پر میکس ویل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ صابر رحمٰن اسکور میں 12 رنز کا اضافہ کر پائے اور واٹسن کی دوسری وکٹ بنے۔ محمد متھن اور شکیب الحسن اسکور کو62 تک لے کر گئے، مگر محمد متھن 23 رنز بنانے کے بعد ایڈم ذامپا کو وکٹ دے بیٹھے۔ بنگلہ دیش کو چوتھا نقصان شیوگاتا ہوم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 78 کے مجموعے پر پویلین لوٹے۔ اس موقع پر شکیب الحسن اور محمود اللہ نے اسکور کو 105 تک پہنچایا لیکن اس سے قبل شکیب خطرناک ثابت ہوتے، زاپما نے 33 رنز بنانے والے بلے باز کو آؤٹ کر کے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔۔ اختتامی اوورز میں محموداللہ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور کو 157 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے ناقابل شکست 49 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن اور زامپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔