|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار اور قلات میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پیر کی شام 7 بجکر 49منٹ پر خضدار ، تحصیل نال ، کرخ ، باغبانہ اور قلات کی تحصیل سوراب اور گردونواح کا علاقہ زلزلے سے لرز اٹھا۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ دفاتر، عمارتوں اور گھروں سے باہر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ زلزلہ مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ گہرائی دس کلو میٹر زیر زمین اور مرکز خضدار کے قریب تھا۔ جبکہ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی۔ اس سے پہلے پیر کی شام کو ہی نال اور گردونواح میں زلزلے کے درمیانی درجے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق شام 6بجکر 47منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت 3.2 جبکہ مرکز خضدار سے ایک سو چالیس کلو میٹر خاران کے قریب زئی کا مقام تھا۔