|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2016

موہالی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 22 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ موہالی میں کھیلے گئے ایونٹ کے گروپ ٹو کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اوپنرز کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے روایتی انداز میں جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ دونوں کھلاڑی نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 62 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم اسی مجموعے پر کین ولیمسن کور پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عرفان کو وکٹ دے بیٹھے۔ کولن منرو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں شرجیل خان کو کیچ دے بیٹھے۔ مارٹن گپٹل نے 80 رنز کی شاندار اننگ کھیل اپنی ٹیم کی بڑے مجموعے تک رسائی کی راہ ہموار کی تاہم محمد سمیع نے ان کی شاندار اننگ کا خاتمہ کردیا۔ شاہد آفریدی نے کوری اینڈرسن کو آؤٹ کر کے دوسری وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے کامیاب باؤلر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا، وہ اب تک 39 وکٹیں لے چکے ہیں۔ روس ٹیلر نے اختتامی اوورز میں 37 رنز کی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 180 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی، انہوں نے 37 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 180 رنز بنائے، محمد سمیع اور شاہد آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے آج تک 176 رنز سے زائد کے ہدف کا کامیاب تعاقب نہیں کیا۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز خصوصاً شرجیل خان نے جارحانہ انداز اپنایا اور دس رنز فی اوور سے زائد کی اوسط سے رنز بنا کر پاکستان کو بہترین اسٹیج فراہم کیا۔ پاکستان نے ابتدائی پانچ اوورز میں 61 رنز بنائے جو شرجیل خان کے مرہون منت تھے جو 25 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 79 رنز پر اس وقت گری جب خالد لطیف بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد کی جدوجہد سے بھرپور اننگ مچل سینٹنر کے ہاتھوں اختتام پذیر ہوئی، انہوں نے 30 رنز بنانے کیلئے 32 گیندوں کا سہارا لیا۔ شاہد آفریدی نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا لیکن کوری اینڈرسن نے شاندار کیچ لے کر 19 رنز بنانے والے پاکستانی کپتان کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔ عمر اکمل دعوؤں کے باوجود ایک بار پھر ناکام ہوئے اور 25 گیندوں پر 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے بلے باز اچھے آغاز کے باوجود اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور آخری پانچ اوورز میں ٹیم کوئی بھی باؤنڈری نہیں لگا سکی۔ پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ پر 158 رنز بنا سکی اور نیوزی لینڈ نے 22 رنز سے فتح حاصل کر کے ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔ پاکستان: شاہد آفریدی(کپتان)، شرجیل خان، احمد شہزاد، خالد لطیف، سرفراز احمد، شعیب ملک، عمر اکمل، عماد وسیم، محمد عرفان، محمد سمیع، اور محمد عامر۔ نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن منرو، روس ٹیلر، کوری اینڈرسن، گرانٹ ایلیٹ، مچل سینٹنر، لیوک رونچی، ایڈم ملنے، مچل میک کلینیگن اور اش سودھی۔