راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل کامیابیوں اور ٹی ڈی پیز کی واپسی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی وشدت پسندی کی لعنت اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کومکمل طورپر ختم کرنے تک سیکیورٹی آپریشنز جاری رکھے جائینگے، شہری علاقوں میں دہشتگردوں کے سلیپر سیل کی نشاندئی میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کردار قابل تعریف ہے ،فوج ٹی ڈی پیز کی آبادکاری کے عمل کی تکمیل تک علاقے میں موجود رہے گی۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیر ستان کا دورہ کیا اور تمام دن فوجی جوانوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ گزارا۔آرمی چیف نے شوال میں آپریشن میں پیش رفت پراطمینان کا اظہار کیا۔آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب کی پیش رفت ،ٹی ڈی پیز کی واپسی اور علاقے میں فوج کی طرف سے جاری بحالی اور ترقیاتی کے کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے شوال آپریشن کے اختتامی مرحلے کی پیش رفت پر مکمل اطمنان کا اظہار کیا۔ان کامیابیوں کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی،شدت پسندی کی لعنت کے مکمل خاتمے اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے تک آپریشنز جاری رکھے جائینگے۔انھوں نے ملک کے شہری علاقوں میں دہشتگردوں کے سلیپر سیل کی نشاندئی میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کردار کو سراہا ۔فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ سخت موسم کے دوران کامیاب شوال آپریشن میں شریک جوانوں کے عزم کو سراہتے ہیں ۔آرمی چیف کو جاری بحالی کے کاموں اور انکے علاقے پر سماجی واقتصادی اثرات سے بھی آگاہ کیاگیا۔آرمی چیف نے بحالی کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ڈی پیز کی جلد سے جلد باوقار انداز میں واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔بعدا زاں آرمی چیف نے قبائلی عمائدین اور حال ہی میں واپس آنے والے ٹی ڈی پیز سے ملاقات کی اور انھیں یقین دلایا کہ فوج انکی آبادکاری کے عمل کی تکمیل تک علاقے میں موجود رہے گی ۔قبائلی عمائدین نے فوجکو کامیاب کاروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ وہ فوج کی مدد سے دہشتگردوں کو علاقے میں دوبارہ واپس نہیں آنے دیں گئے ۔آرمی چیف نے میرانشاہ میں نوجوانوں کیلئے یونس خان سپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب میں یونس خان بھی شریک تھے۔ا س سے قبل جب آرمی چیف علاقے میں پہنچے تو کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے انکا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقے دہشت گردوں سے کلیئر کرادیئے،650 اسکوائیر مربع کلومیٹر کا علاقہ حتمی آپریشن کے پہلے مرحلے میں کلیئر کرالیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ابتک 52فیصد ٹی ڈی پیز واپس علاقوں میں جاچکے ہیں جن میں سے شمالی وزیرستان میں 36 فیصد جبکہ جنوبی وزیرستان میں19 فیصد ٹی ڈی پیز کی واپسی ہوچکی ہے ۔