|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2016

زیارت: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف آنے والے ہر راستہ بلوچستان سے ہو کر گزرتا ہے، بلوچستان پاکستان کی طاقت کا سرچشمہ ہے اور ہر حوالے سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جبکہ قیام پاکستان میں بھی بلوچستان کا بہت بڑا حصہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے قائداعظم ریزیڈنسی زیارت میں پرچم کشائی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ، صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر مجیب الرحمان محمد حسنی، عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، نواب ایاز خان جوگیزئی، صوبائی مشیران سردار رضا محمد بڑیچ، عبیداللہ جان بابت، اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع ، اراکین صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو، انجینئر زمرک خان اچکزئی، سردار محمد صالح بھوتانی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن ، آئی جی پولیس احسن محبوب، جنرل آفیسرز ، سول و عسکری حکام، سیاسی و قبائلی عمائدین، طلبا و طالبات اور عوام کی بھی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی، کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ 23مارچ ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اور آج اس دن کو منانے کے لیے قائداعظم کی ریزیڈنسی میں موجودگی میرے لیے باعث اعزاز ہے، انہوں نے کہا کہ 23مارچ 1940 وہ دن تھا جب ایک قوم پیدا ہونے جارہی تھی اور پھر 14اگست 1947 وہ تاریخی دن تھا جب قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا، انہوں نے کہا کہ ہر قوم کے ہیرو ہوتے ہیں جن کی قدر قوم پر لازم ہوتی ہے آج ہم یہاں اس لیے جمع ہیں کہ دنیا کو بتائیں کہ ہم اپنے قومی دنوں اور اپنے قومی ہیروز کی قدر کرتے ہیں، انہوں نے انڈس تہذیب کے ارتقاء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام ہندو ازم سے اسلام تک کا سفر ہے اور یہ وہ وقت تھا جب علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کے قیام کا تصور پیش کیا، جسے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے اکابرین نے عملی جامع پہنایا اور پاکستان معروض وجود میں آیا۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ بلوچستان کا دل یہاں کی یوتھ ہے انہوں نے گذشتہ روز سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں اپنی یوتھ کو دیکھا جو صرف بلوچستان ہی کو نہیں بلکہ پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے وجود میں آیا ہے، ہم نے اپنی اپنی جگہ اس کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے، انہوں نے پروگرام میں بچوں کی جانب سے پیش کئے گئے ملی نغموں اور خاکوں کو سراہا۔قبل ازیں کمانڈر سدرن کمانڈ کو روایتی پگڑی پہنائی گئی جبکہ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔