|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2016

 اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر میں چیف جسٹس ہوتا تو دیکھتا کہ پرویز مشرف کیسے ملک سے باہر جاتے، انہیں بیرون ملک بھیجنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج ہے اور غداری کے ملزم کو باہر بھیجنا آئین کی خلاف ورزی ہے اور اس پر وزارت داخلہ کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو ایک اور این آر او کے تحت بیرون ملک بھیجا گیا، انہیں باہر بھیج کر حکومت نے احسان کا بدلہ احسان سے چکایا ہے۔ سابق چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 کے تحت مقدمے کی سماعت 31 تاریخ کو ہونا تھی لیکن ملزم کو سہولت دینے کے لئے اسے باہر بھیج دیا گیا تاکہ ملزم عدالت کے سامنے پیش نہ ہوسکے، کس کے پاس گارنٹی ہے کہ وہ وطن واپس آئیں گے یا انہیں واپس کون لائے گا۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا انٹرویو آپ دیکھ سکیں گے آج رات 8 بجکر3 منٹ پر پروگرام جی فار غریدہ میں۔